رائے پور:20/جولائی(ایس او نیوز /ٓئی این ایس انڈیا)سینئر کانگرس لیڈر اور چھتیس گڑھ کے پہلے وزیر خزانہ رام چندر سنگھ دیو کا گزشتہ رات، یہاں ایک نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 88 سال کے تھے اور کافی عرصے سے بیمار بھی تھے۔ صوبہ کانگریس کے ترجمان آر پی سنگھ نے بتایا کہ صحت بگڑنے کے بعد سنگھ دیو کو حال میں یہاں واقع رام کرشن کیئر ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سنگھ دیو کو دو بار دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیںآئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے گزشتہ رات تقریبا ڈیڑھ بجے آخری سس لی۔ترجمان نے کہا کہ سنگھ دیو کا انتم سنسکار کل کوریا ضلع میں واقع ان کے آبائی مقام پر کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سنگھ دیو کوریا کے پیشرو رائلز سے تعلق رکھتے تھے اور 1960 کی دہائی سے سیاست میں سرگرم تھے۔ وہ چھ بار رکن اسمبلی بھی منتخب ہوئے تھے۔ غیر منقسم مدھیہ پردیش میں انہوں نے کئی عہدوں پر کام کیا۔ نومبر 2000 میں مدھیہ پردیش کے بٹوارے کے بعد چھتیس گڑھ کے وجود میں آنے کے بعد وہ ریاست کے پہلے وزیر خزانہ مقرر کئے گئے تھے۔چھتیس گڑھ کے طور پر نئے ریاست بننے کے بعد کانگرس اقتدار میں تھی۔ سال 2003 سے ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے۔وزیر اعلی رمن سنگھ نے سنگھ دیو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سادہ زندگی بسر والے شخص تھے۔رمن سنگھ، یہاں سنگھ دیو کے گھر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعلی نے اپنے تعزیتی مکتوب میں کہا کہ سنگھ دیو نے پانچ دہائی تک قوم اور معاشرے کی خدمت کی۔ ان کے انتقال سے ریاست کی سیاست میں ایک خلا پیدا ہو گئی ہے جسے کبھی بھرا نہیں جا سکتا ہے۔ ان کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا۔